اسلام آباد ،غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع
قوانین کی خلاف ورزی پر اداروں کو سیل کرنیکا فیصلہ ،صحت پر سجھوتہ نہیں ہوگا نجی سکول ایک ماہ سے زیادہ کی فیس پیشگی وصول نہیں کر سکیں گے ،چیئرمین پیرا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے ، پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے ان سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح کا کہنا ہے کہ طلبہ کے مستقبل اور صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے تمام نجی تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نئے ضوابط کے مطابق نجی سکول ایک ماہ سے زیادہ کی فیس پیشگی وصول نہیں کر سکیں گے ۔ 12 ماہ کے تعلیمی سیشن سے زائد کی فیس وصولی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے ۔ جو ادارے والدین سے غیر قانونی فیس وصول کریں گے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ فیس قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے ، آڈٹ اور یہاں تک کہ ادارے کو سیل کرنے تک کی کارروائی ممکن ہوگی۔طلبہ کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر \"لائٹر سکول بیگز پالیسی\" نافذ کر دی گئی ہے ۔ اس پالیسی کے تحت اسکول بیگ کا وزن بچے کے جسمانی وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا۔ یہ اقدام بھاری بستوں سے بچوں میں کمر درد اور دیگر صحت کے مسائل کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے ۔