گلستان کالونی لین 7شاہین چوک ، مکین پانی کی بوند نوند کو تر س گئے
تین سال سے پانی بحران کا سامنا ،واٹر ٹینکر بھی 4 ہزار کا ہوگیا ،حکام نوٹس لیں ،مکین
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) چک لالہ کینٹ بورڈ کے علاقے گلستان کالونی لین نمبر 7 شاہین چوک کے مکین تین سال سے پانی کے شدید بحران سے دوچار ہیں ، نجی واٹر ٹینکر بھی چار ہزار روپے میں ٹینکر فراہم کرتے ہیں ،پانی کے بحران کے باعث یہاں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ معززین علاقہ نے دنیا کو بتایا کہ مارچ 2023 سے پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا شکار ہیں ، فروری کے آخر سے لے کے نومبر آخر تک پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند رہتی ہے ،کئی بار ملک اخلاق اور غلام حسین کی سربراہی میں سی ای او چیف ا نجینئر اور واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ کو وفد کی صورت میں درخواستیں پیش کیں لیکن مسئلہ جوں کا تو ہے ،29 اپریل کو وفد کی صورت میں سی ای او کینٹ بورڈ سے ملاقات کی درخواست پیش کی تھی جس کا ابھی تک ہمیں کوئی جواب نہیں ملا ،انہوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔