ٹی ٹی ایس کی تنخواہوں میں اضافہ، نظرثانی کی جائے، فپواسا
مہنگائی، ٹیکسز کے باوجود 2021کے بعد سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،ڈاکٹر عامر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) اسلام آباد چیپٹر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان بھر کی سرکاری جامعات میں ٹینور ٹریک سسٹم (TTS)کے تحت خدمات انجام دینے والے فیکلٹی ممبران کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق نظرِ ثانی کی منظوری دے کر اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ فپواسا صدر اور قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عامر علی نے کہا کہ TTSفیکلٹی کی 2021کے بعد سے شدید مہنگائی، بڑھتے ہوئے ٹیکسز کے باوجود تنخواہوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طویل تاخیر کے باعث ملک بھر کے اساتذہ، محققین اور سائنسدان شدید مالی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہیں۔
یونیورسٹی اساتذہ اور محققین قومی ترقی، سائنسی تحقیق اور انسانی وسائل کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمک برادری کے جائز مالی مسائل کو نظر انداز کرنے سے تحقیق کے معیار اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ فپواسا نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی سربراہی میں قائم خصوصی ٹاسک فورس کی سفارشات کا خیرمقدم کیا۔