راولپنڈی ، نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق
واقعہ ڈھوک منشی روڈ پر برما شیل ڈپو کے قریب پیش آیا ،تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک منشی روڈ پر برما شیل ڈپو کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایک ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم ریسکیو اہلکاروں کے مطابق دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو چکے تھے ۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے ذمہ دار عناصر کا سراغ لگانے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔