گوجر خان دہراقتل کیس، تاجر برادری کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ
گوجر خان(این این آئی)دو ہفتے قبل گوجر خان کے مصروف ترین تجارتی مرکز ریلوے روڈ پر مرکزی انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر ملک محبوب حسین اور ان کے بھائی ملک محمود کے دن دہاڑے بہیمانہ قتل کے خلاف تاجر،وکلا، صحافی اور سول سوسائٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سابق چیئرمین بلدیہ شاہد صراف کی رہائش گاہ پر انجمن تاجران کی کال پر منعقدہ ایک اہم اجلاس میں تاجربرادری، وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں شرکا نے مقتولین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک محبوب حسین اور ملک محمود کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو شٹر ڈائون ہڑتال کرینگے ۔