انسداد دہشتگردی کے فریم ورک کو مضبوط اور موثر بنایا جائے، آئی جی
تمام متعلقہ اداروں کے درمیان انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس ہوا، دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے جاری اقدامات، زیر التوائقانونی امور اور پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید موثر بنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری آپریشنز، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں، سکیورٹی چیلنجز اور درپیش خطرات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر قانونی معاملات میں پیش رفت، مقدمات کی موثر پیروی اور عدالتی کارروائیوں کو مزید بہتر بنانے کے مختلف پہلووں پر بھی غور کیا گیا۔ آئی جی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی حالات کے پیش نظر انسداد دہشت گردی کے فریم ورک کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائے، تمام متعلقہ اداروں کے درمیان انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور موثر تدارک کو یقینی بنایا جاسکے۔