گرین انکلیوون کے متاثرین کا عوامی تحریک شروع کرنیکا اعلان
واجبات ادا کرنے کے باوجود 17سال سے قبضہ نہیں دیا گیا،کئی دنیا سے چلے گئےمطالبات پورے نہ ہوئے تو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر احتجاج کرینگے، اجلاس میں فیصلے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) گرین انکلیو 1بہارہ کہو کے متاثرین اور الاٹیز نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی جانب سے 17سال سے ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے اور پلاٹس کا قبضہ نہ دینے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھرپور عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تاریخی اور غیر معمولی مشاورتی اجلاس میں 100سے زائد الاٹیز، پلاٹ مالکان اور متاثرین نے شرکت کی۔ اجلاس سے چودھری امجد، ملک سرتاج، رانا ارشد، احسان الحق اور امجد خان نے خطاب کرتے ہوئے متاثرین کے مسائل اور مطالبات بیان کیے۔ مقررین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2009میں شروع ہونے والے اس منصوبے میں ہزاروں سرکاری ملازمین نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی اس امید پر لگائی کہ انہیں اپنے خاندان کیلئے ایک محفوظ چھت میسر آئے گی۔
مگر آج 17سال گزرنے کے باوجود نہ ترقیاتی کام مکمل ہوئے اور نہ ہی پلاٹس کا قبضہ دیا گیا، انہوں نے کہا کہ تمام اقساط، واجبات اور اضافی چارجز مکمل ادا کرنے کے باوجود الاٹیز کو مسلسل وعدوں اور یقین دہانیوں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ متعدد الاٹیز اپنے گھروں کا خواب پورا ہونے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو گئے جبکہ کئی بزرگ، بیوائیں اور یتیم خاندان آج بھی اپنے جائز حق کے منتظر ہیں۔ متاثرین نے اعلان کیا کہ اگر مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پارلیمنٹ ہاؤس، نیشنل پریس کلب، FGEHAہیڈ آفس، سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں تک وسیع کیا جائے گا۔