مختلف ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت8افراد جاں بحق
پنڈی گھیب میں ٹرک سے ٹکرا کر 2کار سوار ، مردان میں موٹر سائیکل سوار چل بسا سوات میں کار کی ٹکر سے سب انسپکٹراوربچی،شانگلہ ٹریکٹر حادثہ میں 3افراد دم توڑ گئے
اٹک ،پشاور ،سوات ( نیوز ایجنسیاں ) مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں8 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ پنڈی گھیب کھڑپہ انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجہ میں 2افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ، بھکرسے راولپنڈی جانے والی ایک کار سامنے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے کار میں سوار دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں سید صالح شاہ اور فیاض حسین اور زخمیوں میں 45 سالہ ناظم اور 48 سالہ جاوید اقبال شامل ہیں۔ ادھر مردان کے علاقہ شیخ ملتون نہر پر موٹر سائیکل درخت کیسا تھ ٹکرانے سے 16 سالہ نوجوان ریحان جاں بحق ہو گیا جبکہ سوات ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں موٹر وے پولیس کا اہلکار اور بچی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کاٹلنگ کے قریب ہوا ، سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی جس سے موٹر وے پولیس کی گاڑی سڑک کنارے بنے برساتی نالے میں جاگری، سب انسپکٹر نظام الدین دم توڑ گئے جبکہ سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کولیکشن اہلکار شدید زخمی ہوئے ، حادثے میں موٹر وے پولیس کی گاڑی سے ٹکرانے والی کار میں سوار ایک بچی بھی جاں بحق ہو گئی ۔ ادھر شانگلہ میں ٹریکٹر گہری کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں دو سگے بھائی اکبرحسین اورا خترحسین جبکہ ساتھی فوادعلی شامل ہیں ۔