کامیاب سفارتکاری نے ملک کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا،قاسم نون

کامیاب سفارتکاری نے ملک کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا،قاسم نون

کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ،پاکستان اسے عالمی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا،پریس کانفرنس

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے ملک کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے ، پاکستان اس وقت سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے جبکہ عالمی سطح پر اس کا کردار نمایاں ہو رہا ہے ، پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اسے عالمی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔ان خیالات کااطہارانہوں نے کشمیر کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کیا۔

رانا قاسم نے کہاکہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کو منوایا جبکہ سفارتی اور سیاسی محاذوں پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں، خطے میں جاری سفارتی کوششوں اور ثالثی کے مختلف عمل میں پاکستان کا کردار نمایاں رہا ہے اور ملکی قیادت امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے ۔ حکومت کی معاشی اور سفارتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان مختلف شعبوں میں بہتری کی جانب گامزن ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی تنازعات کے حل اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے بنیادی اور کور ایشو ہے ، کشمیر شہدا کی امانت اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی جزو ہے، جبکہ کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کا رشتہ تاریخی، سیاسی، اخلاقی اور مذہبی بنیادوں پر قائم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں