کامیابی، استقامت، اتحاد اور خدمت کے 7 سال مکمل ،کاشف چودھری
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے 7ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکزی صدر کاشف چو دھری نے ملک بھر کے تاجروں، صنعتکاروں،مرکزی،صوبائی و تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کامیابی، استقامت، اتحاد اور خدمت کے سات سال مکمل کر لیے ہیں اور یہ سفر اب مزید عزم اور قوت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔سات سال قبل تاجر برادری کو ایک مضبوط، آزاد اور باوقار پلیٹ فارم مہیا کرنے کے مقصد سے رکھی گئی بنیاد آج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کے سائے تلے ملک بھر کے لاکھوں تاجر متحد اور منظم ہیں،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے ہمیشہ ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر تاجروں کے اجتماعی مفادات، کاروباری آزادی اور منصفانہ معاشی پالیسیوں کے لیے آواز بلند کی ہے ،گزشتہ سات برسوں کے دوران تنظیم نے ٹیکس اصلاحات، کاروبار دوست پالیسیوں، تاجر برادری کے تحفظ، مارکیٹوں کے مسائل کے حل اور حکومتی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطوں کے ذریعے تاجروں کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے اور تاجر دشمن پالیسیوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کے ان کے نفاذ کو روکا آج مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ملک کے طول و عرض میں تاجروں کے اعتماد اور امید کی علامت بن چکی ہے۔