پیدائش ،وفات اور دیگر سرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹل کیا جائے ،کمشنر راولپنڈی
وقت بھی کم کیا جائے ، انسداد ڈینگی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں ،اجلاس سے خطاب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی اور ای بز (E-Biz) پورٹل کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ کمشنر نے لوکل گورنمنٹ کی جانب سے دی جانے والی عوامی سروسز کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پیدائش، وفات اور دیگر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے اجرا کا عمل ڈیجیٹل، شفاف اور بروقت بنایا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے اور تمام اضلاع میں یکساں، معیاری اور مؤثر طریقہ کار اپنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ CRMS موبائل ایپ کی نادرا کے ساتھ انٹیگریشن سے سروس ڈیلیوری مزید بہتر ہوئی ہے ، جس سے شہریوں کو درست اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ محکمہ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ کرے اور فیلڈ میں حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بروقت تصدیق یقینی بنائے تاکہ انسداد ڈینگی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔