غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فوڈ بزنس لائسنسنگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فوڈ بزنس لائسنسنگ کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ، جس کا مقصد شہر بھر میں فوڈ سیفٹی کے معیارات کو مزید بہتر بنانا اور غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس کو قانون کے دائرے میں لانا ہے ۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، فوڈ اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فوڈ اتھارٹی نے اب تک مجموعی طور پر 48ہزار 771 انسپکشنز کی ہیں، معیارات کی خلاف ورزی پر 24 ہزار 814 نوٹسز اور 19 ہزار 452 زبانی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ فوڈ سیفٹی کے معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے 1ہزار 713دکانوں کو سیل کیا گیا، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 2 ہزار 978فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 46.26 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
شہریوں میں فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے 65 سیمینارز اور 8 تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا، جس سے فوڈ بزنسز اور عوام میں شعور پیدا کرنے میں مدد ملی ہے ۔ اجلاس کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ اب تک مجموعی طور پر 1280فوڈ پوائنٹس نے لائسنس حاصل کر لیے ہیں، تاہم ابھی بھی بہت سے فوڈ پوائنٹس غیر رجسٹرڈ ہیں۔ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے اجلاس میں اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں فوڈ پوائنٹس کے لائسنس کے لیے مخصوص ڈیسک قائم کیا جائے تاکہ تاجروں کو لائسنس حاصل کرنے میں سہولت ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس کے حوالے سے اعدادوشمار اکٹھے کیے جائیں اور ان کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments