غربت کا خاتمہ ،سماجی تحفظ کا نظام مضبوط بنائینگے ،عمران شاہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے ، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ، جبکہ اس قومی مقصد کے حصول میں فلاحی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی احمد رضا طیب سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں غربت کے خاتمے ، سماجی بہبود، فلاحی منصوبوں، صحت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، عوامی خدمت اور مستحق افراد کی معاونت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کی خدمت میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر احمد رضا طیب نے وفاقی وزیر کو ادارے کے جاری فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا اور غربت کے خاتمے ، سماجی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سرکاری و فلاحی اداروں کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی نمایاں فلاحی خدمات کے اعتراف میں احمد رضا طیب کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔ دونوں جانب سے عوامی خدمت، غربت کے خاتمے اور فلاحی منصوبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments