مری ، بارشیں ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے ہائی الرٹ
شہریوں اور سیاحوں کیلئے خصوصی الرٹ جاری ،احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
مری(نمائندہ دنیا) ملکہ کوہسار مری میں مون سون سیزن اپنے عروج پر ہے جبکہ گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی شدید بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مری مکمل طور پر متحرک ہے ،ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس شیرازی کی خصوصی ہدایات پر مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے شدید بارشوں کے دوران ساملی گلی بنواڑی لنک روڈ چھرہ پانی کے مقام پر ایک بڑا درخت قریبی گھر کے نزدیک گرنے سے لنک روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی جبکہ بجلی کی تاریں بھی متاثر ہوئیں واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مری کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے درخت کو ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا، ریسکیو اہلکاروں کی فوری کارروائی کے باعث قریبی گھر کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم درخت گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں جس پر واپڈا کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور بجلی کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں ،شدید بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments