پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں اپنے ہی فیصلوں کی نفی کررہی ، بلال اظہر
ہر مسئلہ مکالمے اور پارلیمنٹ کے فورم پر حل ہوسکتا ،جمہوریت دلیل سے قائل کر لینے کا عمل ہے
راولپنڈی(آئی این پی )وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاہے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں اپوزیشن والی تقریریں کر کے اپنی ہی حکومت کے فیصلوں کی نفی کررہی ہے ۔ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 42ویلی 3سے امیدوار سید شوکت شاہ اور حلقہ ایل اے 39جموں 6سے امیدوار راجہ صدیق سے ملاقات کی۔مختلف برادریوں اور عمائدین علاقہ نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا اور اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا پاکستانیوں نے کشمیریوں اور کشمیریوں نے پاکستان کے لیے جانیں قربان کیں، اہل پاکستان اور کشمیر نے بھارت کے خلاف جنگیں لڑی ہیں، کشمیر کے لیے جہلم کے بیٹے بھارت سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ، اسی لیے کہتا ہوں کہ جہلم میر پور اور میر پور جہلم ہے ۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہر مسئلہ مکالمے اور پارلیمنٹ کے فورم پر حل ہوسکتا ہے ، جمہوریت دلیل سے قائل کر لینے کا عمل ہے ، کشمیری مہاجرین کی نمائندگی کے بغیر آزاد کشمیر اور پاکستان دونوں نامکمل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments