مون سون ، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے ، کمشنر

مون سون ، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے ، کمشنر

متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں،اجلاس سے خطابریسکیو 1122ہائی الرٹ ،نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں مون سون بارشوں کے حوالے سے پیشگی انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامات، ہنگامی منصوبہ بندی، حساس مقامات، ممکنہ خطرات اور ادارہ جاتی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں خصوصاً نشیبی بستیوں، ندی نالوں اور دریاؤں کے اطراف آباد آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ممکنہ سیلاب یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں بروقت انخلا کیلئے جامع منصوبہ بندی مکمل رکھی جائے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر فوری منتقل کرنے کے تمام انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ تمام محکمے ایک مربوط کمانڈ اینڈ کوآرڈینیشن سسٹم کے تحت کام کریں۔ ضلعی سطح پر قائم کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں، تمام ہیلپ لائنز اور ایمرجنسی نمبرز مکمل طور پر فنکشنل ہوں جبکہ متعلقہ افسران مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

ادھر مون سون بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122راولپنڈی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122کے مطابق ممکنہ اربن فلڈنگ اور ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے کٹاریاں، گوالمنڈی، نالہ لئی کے اطراف اور دیگر حساس و نشیبی مقامات پر ریسکیو اہلکار، امدادی گاڑیاں اور ضروری سامان کے ساتھ چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گے۔ اہلکار بارش کے دوران مسلسل گشت اور نگرانی جاری رکھیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جاسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...