نیویارک میں عالمی ٹیکسٹائل نمائش کا آغاز، پاکستان کی شرکت
ٹیکسٹائل، ملبوسات، ہوم ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اور سپورٹس ویئر مصنوعات پیش کیں
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) نیویارک کے معروف جیکب کے جاوِٹس کنونشن سینٹر میں عالمی ٹیکسٹائل نمائش ٹیکس ورلڈ این وائی سی 2026کا آغاز ہوگیا، جہاں پاکستان نے اپنے قومی پویلین کے ذریعے ٹیکسٹائل، ملبوسات، ہوم ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات اور سپورٹس ویئر سمیت اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی خریداروں اور کاروباری اداروں کے سامنے پیش کیں۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر عدنان محمود اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔نمائش میں پاکستان پویلین کا اہتمام ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)اور قونصل خانہ پاکستان نیویارک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔ پویلین میں پانچ ممتاز پاکستانی کمپنیاں ہوم ٹیکسٹائل، تولیے ، تیار ملبوسات، لیدر گارمنٹس، سپورٹس ویئر، گلوز اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ سفیرِ پاکستان اور ان کے ہمراہ وفد نے پاکستان پویلین کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا، نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کی مصنوعات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ امریکی منڈی میں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، برآمدات کے فروغ اور تجارتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ اور نیویارک میں قونصل خانہ پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی منڈی میں اپنی رسائی بڑھانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments