ٹرانسفارمر خراب‘گورنمنٹ کالج میں5روز سے بجلی بند
طلبہ‘ اساتذہ ،والدین پریشان، امتحانات بھی حبس،گرمی میں لئے جارہے حکام سے نوٹس کامطالبہ‘نجی ملکیت ٹرانسفارمر مرمت نہیں کرسکتے‘گیپکو حکام کاموقف
کامونکے (تحصیل رپورٹر )گورنمنٹ کالج فار بوائز کامونکے میں 5روز سے بجلی کی بندش پرتعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر، سیکنڈ ایئر کے سالانہ پریکٹیکل امتحانات بھی شدید گرمی اور حبس کے عالم میں لیے جا رہے ہیں۔ طلبہ، اساتذہ اور والدین نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کالج کا ٹرانسفارمر خراب ہونے پر گیپکو سے رابطہ کیاتو تاہم گیپکو حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر نجی ملکیت ہے ، اسلئے اسکی مرمت گیپکو کے دائرئہ اختیار میں نہیں آتی۔ کالج انتظامیہ کو اپنی مدد آپکے تحت مرمت کرانا ہوگا، صرف مرمت کے بعددوبارہ لگانے میں تعاون کرینگے ۔ دوسری جانب طلبہ اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں 350 سے زیادہ طلبا و طالبات اور اساتذہ کو پریکٹیکل اور بی ایس امتحانات کا عمل جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے ۔ کسی سرکاری کالج کا ٹرانسفارمر خراب ہو جائے تو مرمت اور فنڈز کی ذمہ داری کس ادارے کی ہے ؟ متعلقہ اداروں کو ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی بجائے فوری حل نکالنا چاہیے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔ طلبہ، والدین اور شہری حلقوں نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، گیپکو چیف اور محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیکر بجلی بحال کرائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments