غذائی پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرنا ضروری،رانا تنویر

 غذائی پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرنا ضروری،رانا تنویر

نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر کے ساتھ اجلاس ،اہم مشاورت

اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ کے ساتھ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں غذائیت سے متعلق اقدامات، خوراک کی فورٹیفکیشن اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی پر قابو پانے ، ماؤں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے اور ملک بھر میں غذائیت سے بھرپور اور فورٹیفائیڈ بنیادی غذائی اشیاء تک رسائی بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ غذائیت کے شعبے میں بہتر نتائج کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط رابطہ، پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور غذائی پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرنا ضروری ہے ، بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والی کمزور آبادی کے لیے ۔اجلاس کو نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے بچوں کو وٹامن اے کی فراہمی، بچوں میں اسہال کے علاج کے لیے زنک اور اورل ری ہائیڈریشن سلوشن ، ماؤں اور نوعمروں کی غذائیت، آئرن اور فولک ایسڈ کی فراہمی اور نومولود بچوں کی نگہداشت کے حوالے سے تعاون پر بریفنگ دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...