پائیدار قومی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر،قائم مقام صدر
تعلیم، مالی وسائل، ٹیکنالوجی، منڈیوں اور فیصلہ سازی تک مساوی رسائی دی جائے،خطاب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پائیدار قومی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، پاکستان کی جمہوری طاقت، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی اس وقت تک مکمل طور پر حاصل نہیں کی جا سکتی جب تک خواتین اداروں، معیشت اور مستقبل کی تشکیل میں مساوی طور پر حصہ نہ لیں۔ مالیاتی ادارے خواتین کی مالی معاونت یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے زیراہتمام پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بھرپور معاشی صلاحیت بروئے کار لانے کیلئے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ خواتین صرف ترقی سے مستفید ہونے والی نہ ہوں بلکہ کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد، پالیسی سازوں، جدت کاروں اور قائدین کی حیثیت سے اس کی فعال محرک بھی ہوں، کسی بھی پس منظر یا علاقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کو تعلیم، مالی وسائل، ٹیکنالوجی، منڈیوں اور فیصلہ سازی تک مساوی رسائی حاصل ہو۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی معاونت براہ راست خواتین کے ہاتھوں میں پہنچانے سے گھروں کے اندر معاشی فیصلہ سازوں کے طور پر ان کے کردار کو تقویت ملی، یہ باوقار معاونت اور انحصار سے بااختیاری کی جانب تبدیلی کی نمائندگی کرتی ہے۔ خواتین کی مساوی شرکت، تحفظ اور قیادت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا کوئی محدود سماجی فکرمندی نہیں بلکہ یہ قومی ترقی کیلئے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments