نیشنل بک فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 16واں اجلاس
مجموعی کارکردگی، اشاعتی سرگرمیوں، نصابی کتب کی تیاری، مالیاتی نظم و نسق کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کے بورڈ آف گورنرز کا 16واں اجلاس وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت و چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا، جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، اشاعتی سرگرمیوں، نصابی کتب کی تیاری، مالیاتی نظم و نسق، ڈیجیٹل تبدیلی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ملک بھر میں کتابوں کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر نے بورڈ کو ادارے کی اشاعتی سرگرمیوں، نصابی کتب کی تیاری، مالیاتی امور، ڈیجیٹل تبدیلی، انفراسٹرکچر کی بہتری، کتاب میلوں، ادبی سرگرمیوں اور ملک بھر میں عوامی رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن سالانہ بنیادوں پر 150 سے زائد نئی اور دوبارہ شائع ہونے والی کتب شائع کر رہا ہے ، جبکہ مسودات کے جائزے کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا گیا ہے ۔ مسودات کی جانچ، تدوین، تیاری، طباعت اور اشاعت کے تمام مراحل میں مقررہ قواعد و ضوابط اور معیاری طریقہ کار پر عمل درآمد کے ذریعے معیار اور کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں مطالعے اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ادبی میلوں، مطالعاتی مہمات، ادبی نشستوں، مصنفین سے ملاقاتوں، سیمینارز، کانفرنسز اور تحریری مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments