وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز

 وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز

کشمیر چوک انڈر پاس کو 1.4 ارب لاگت سے ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا گیا ہے ، کشمیر چوک انڈر پاس کو تقریباً 1.4 ارب روپے کی لاگت سے ریکارڈ ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی نگرانی میں منصوبے کی تیز رفتار تکمیل کے لیے فاسٹ ٹریک طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے ۔کشمیر چوک انڈر پاس کا مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان اہم ٹریفک روٹ پر دباؤ کم کرنا اور شہریوں کے سفری وقت میں کمی لانا ہے ۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سرینا کی جانب سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو انڈر پاس کے ذریعے بلا رکاوٹ گزرنے کی سہولت ملے گی، جبکہ مری کی جانب جانے والی ٹریفک چوک کے اوپری حصے سے گزر سکے گی۔سی ڈی اے کے مطابق 2025 کے دوران تقریباً 15 ارب روپے کی لاگت سے 18 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ، جن میں ایف-8 انٹرچینج، سرینا انٹرچینج، مری روڈ انڈر پاس، ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔کشمیر چوک انڈر پاس کو اسلام آباد کے بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے جاری وسیع تر انفراسٹرکچر پروگرام کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ مارگلہ ایونیو کی توسیع، اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ اور اتاترک ایونیو کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ، جن کا مقصد شہریوں کے لیے آمدورفت کو بہتر اور شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...