کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی جماعت اسلامی کا ایجنڈا ،ڈاکٹر مشتاق
اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر مشتاق نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے ، نوجوان اس جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔
جماعت اسلامی صبح آزادی تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ رہے گی، اسلامی نظام کے نفاذ کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے تذکیر کیمپ میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے سابق امیر ڈاکٹر خالد محمود خان، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جموں و کشمیر گلگت بلتستان احتشام سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کرکے پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کر دیا تھا۔ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ نظریاتی تحریکیں ہیں، جنہیں وقتی اور جذباتی نعروں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ نظریات ہی دیرپا ہوتے ہیں، جبکہ مفادات اور جذبات پر مبنی نعرے عارضی ثابت ہوتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ نظریات پر ثابت قدم رہنے والے افراد اور جماعتیں ہی اپنا وجود برقرار رکھتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments