کشمیر ی قیادت کا مشاورتی اجلاس ،بحران حل کرنیکا مطالبہ

کشمیر ی قیادت کا مشاورتی اجلاس ،بحران حل کرنیکا مطالبہ

مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار )صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر عتیق احمد کی رہائش گاہ مجاہد منزل پر آزادکشمیر کے سیاسی زعماء کا طویل مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سردار یعقوب ، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر خان، چودھری یاسین، تنویر الیاس ، عبدالرشید ترابی اور ڈاکٹر خالد محمود نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اپنی بھرپور اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ہندوستانی جیلوں اور مقبوضہ کشمیر میں قید حریت رہنماوں سے بھرپور اظہار یکجہتی اور انکی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔آزادکشمیر میں بالعموم اور پونچھ ڈویژن میں بالخصوص امن و امان کی تیزی کے ساتھ بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں 19جولائی 1947 کی غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ مسلم کانفرنس کے اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد الحاق پاکستان کے مندرجات کی روشنی میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر کی مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ وابستگی اور یکجہتی کو بہر صورت قائم رکھا جائے گا۔ پونچھ ڈویژن کے بحران کے پرامن اور باوقار سیاسی حل پر زور دیا گیا۔ اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی ترسیل یقینی بنانے اور انٹرنیٹ کی فوری بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔پونچھ کی عوام اور رائے دہندگان کو بلا تاخیر انتخابی عمل میں شریک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...