میپکو کے 95.28 فیصد صارفین کی شکایات بروقت حل
میپکو کے 95.28 فیصد صارفین کی شکایات بروقت حل تین لاکھ 56 ہزارشکایات ، مظفرگڑھ 99.98 فیصد شرح کیساتھ سرفہرست
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کا فوری اندراج، بروقت ازالہ اور معیاری سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ وزارت توانائی کی جانب سے متعارف کرائی گئی 118 ہیلپ لائن پر شکایات کا اندراج اور ان کا مؤثر حل صارفین کے اعتماد میں اضافے کا مظہر ہے ۔وہ آپریشنل سرکلوں کے افسران کے آن لائن اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال یکم جولائی سے 10 اکتوبر 2026ء تک میپکو ریجن کے 9 آپریشن سرکلوں میں 118 ہیلپ لائن اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مجموعی طور پر 3 لاکھ 56 ہزار 677 شکایات درج ہوئیں۔ ان میں سے 3 لاکھ 39 ہزار 844 شکایات مقررہ وقت میں حل کی گئیں، جس سے بروقت ازالے کی شرح 95.28 فیصد رہی، جبکہ 16 ہزار 833 شکایات مقررہ وقت کے بعد حل ہوئیں۔
سرکل وار کارکردگی میں مظفرگڑھ 99.98 فیصد شرح کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ وہاڑی میں 99.78 فیصد، رحیم یار خان میں 97.78 فیصد، ساہیوال میں 95.51 فیصد، بہاول نگر میں 95.38 فیصد، ڈی جی خان میں 94.47 فیصد، ملتان میں 94.07 فیصد، خانیوال میں 93.21 فیصد اور بہاولپور میں 93.06 فیصد شکایات بروقت حل کی گئیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور ان کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت ازالے کی شرح 100 فیصد کے قریب لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ میپکو کے کسٹمر فسیلیٹیشن سینٹرز میں بلوں کی اقساط، تاریخ ادائیگی میں توسیع، نئے کنکشنز اور میٹرز سمیت دیگر معاملات میں صارفین کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments