بی آر ٹی یلو لائن کی تکمیل سے ٹریفک دبائو کم ہوگا : کمشنر
منصوبہ ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی کردار ادا کریگا
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ماس ٹرانزٹ میگا پراجیکٹ بی آر ٹی یلو لائن کے تحت ایمن آباد ڈپو کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف تعمیراتی مراحل اور جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیسپاک، ایف ڈبلیو او، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر وں منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں، تکمیل کے مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر نے کہا کہ بی آر ٹی یلو لائن اہم اور تاریخی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کو جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم کی سہولت میسر آئے گی ،نصوبہ نہ صرف شہریوں کے روزمرہ سفر کو آسان، آرام دہ اور بااعتماد بنائے گا بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سفری وقت کی بچت اور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کی جائے ، کام کے معیار اور مقررہ تعمیراتی تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اور تمام مراحل کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ اہم عوامی منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو کر شہریوں کے لیے فعال بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments