میرے دروازے سب کیلئے کھلے ،صحافی مثبت تنقید کریں ،آئی جی
شہر سے کنٹینرز ہٹا دیئے ،ریڈ زون کے علاوہ اسلام آباد میں آدھے سے زیادہ ناکے ختم تعیناتی کے بعد بے شمار چیلنجز تھے ،ملازمین کے مسائل کا حل اولین ترجیح ،سہیل چودھری
اسلام آباد (عادل تنولی )آئی جی اسلام آباد سہیل چودھری نے کہا میرے دروازے ہر وقت عوام کیلئے کھلے ہیں ،صحافیوں اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے ،جرائم کی نشاندہی مثبت تنقید صحافت کے اصول ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے اور بعد ازاں دنیانیوز سے گفتگو میں کیا، ملاقات میں پولیس اور میڈیا کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد میں تعیناتی کے بعد انہیں متعدد چیلنجز کا سامنا تھا تاہم شہر سے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں اور سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ریڈ زون کے علاوہ اسلام آباد میں آدھے سے زیادہ ناکے ختم کر دیئے گئے ہیں جبکہ پولیس کو ناکوں کے بجائے پٹرولنگ پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس اہلکاروں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہیں اور روزانہ ذاتی طور پر اہلکاروں کی شکایات سنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان میں 19 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی شکایات کا ازالہ کیا۔ پولیس اہلکاروں کو دی جانے والی سزاؤں کے معاملات میرٹ پر دیکھے جاتے ہیں اور اہلکاروں کو ریلیف بھی فراہم کیا جاتا ہے ۔ نچلے رینک کے اہلکاروں کو اپنے ساتھ کرسی پر بٹھانے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے ۔ ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ملک اسد، جنرل سیکرٹری آصف نوید، ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ، ایسوسی ایشن کے سابق صدور اویس یوسفزئی، رضوان قاضی، حسین احمد اور فیاض محمود کے علاوہ سابق سیکرٹری احتشام کیانی ، سابق فنانس سیکرٹری ملک نجیب اور ممبر محمد فیضان بھی شریک تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments