رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا تعلیمی فروغ کیلئے چینی ادارے سے معاہدہ
تعلیم، نوجوانوں کی ترقی، ثقافتی تبادلوں ، پاک چین تعاون کو مزید فروغ دینا ہے
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے چین کے شاندونگ ٹونگ شان چلڈرن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد تعلیم، نوجوانوں کی ترقی، ثقافتی تبادلوں اور سماجی خدمات کے شعبوں میں پاک چین تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ شراکت داری کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا اور طلبہ و نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں، ثقافتی تبادلوں اور رضاکارانہ خدمات کے پروگراموں میں شرکت کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
مفاہمت کی یادداشت پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاور حیات خان اور شاندونگ ٹونگ شان چلڈرن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر مسٹر لی ڑیاؤ نے دستخط کیے ،معاہدے کے تحت رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں China-Pakistan Youth Volunteer Services Team Center قائم کیا جائے گا، جو نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات، سماجی ترقی اور کمیونٹی کی بہتری کے مشترکہ پروگراموں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرے گا۔یہ تقریب عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ اور پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد ہوئی، جس میں معزز شخصیات، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments