ڈکیتیوں کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی کی ہدایت
وزیرداخلہ کا حساس علاقوں میں پولیس گشت اورنگرانی کانظام بڑھانے پر زور
کراچی(این این آئی)وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے انسداد کے لیے پولیس اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر غور کیا گیا۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں اور کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس لیے تمام پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔
ضیاء الحسن لنجار نے حساس علاقوں میں پولیس گشت اور نگرانی کا نظام بہتر بنانے ، رات گئے تک علاقوں میں گشت جاری رکھنے اور جرائم کے ممکنہ مراکز پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہدفی کارروائیاں تیز کرنے اور تمام زونز و اضلاع میں پولیس اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے اقدامات کے نتائج کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور حکمت عملی میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے ۔ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments