گرانفروش سرگرم ، مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ، انتظامیہ کے دعوے بے نقاب
گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی کمر توڑ دی ،نرخ 670 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی عدم توجہی کے باعث دکانداروں نے سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں فی کلو مرغی کا گوشت ساڑھے 600 روپے سے 670 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے جہاں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں۔مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافے نے شہریوں کی کمر توڑ دی ، شہر میں فی کلو چکن کا گوشت 650 روپے سے لے کر 670 روپے تک فروخت ہونے لگا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں نرخوں میں نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے ، جہاں کہیں مرغی کا گوشت 650 روپے ، کہیں 660 روپے اور کہیں 670 روپے فی کلو تک میں بیچا جا رہا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں چکن کے نرخوں میں تضاد پایا جاتا ہے ، پوش علاقوں اور مارکیٹوں میں دکاندار اپنی مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں جبکہ نسبتاً سستے علاقوں میں قیمت معمولی کم ہے ۔پولٹری فارمز سے سپلائی مہنگی ہونے اور فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخ وصول کرنا بھی اس اضافے کی بڑی وجہ ہے ۔اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں، تاہم پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی عدم توجہی کے باعث دکاندار سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا رہے ہیں۔شہریوں نے انتظامیہ کی گرانفروشوں کے خلاف مہم کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنے ایئر کنڈیشنڈ کمروں سے نہیں نکلتے اور کمشنر کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments