محنت کشوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح : سالک حسین
لیبر کمپلیکس ٹیکسلا کے 504فلیٹس میں سے 70پی اے ایف واہ کینٹ کے شہدا کیلئے مختص فلیٹس کو جلد محنت کش خاندانوں کے حوالے کرینگے :فیزٹو کی تقریب سنگ بنیادسے خطاب
ٹیکسلا( دنیارپورٹ)وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ مزدور کی عزت، پاکستان کی عزت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لیبر کمپلیکس فیز ٹو، ٹیکسلا کی تقریبِ سنگِ بنیاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل احمد ملک، رکن صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی ملک عمر فاروق، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ (ق) غلام مصطفیٰ ملک، صدر فیڈرل کیپٹل رضوان صادق، صدر خیبر پختونخوا انتخاب خان چمکنی، بورڈ ممبران، اعلیٰ حکام اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ لیبر کمپلیکس فیز ٹو کی مجموعی منظور شدہ لاگت 110 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے اور منصوبہ 24 ماہ سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ اس کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے ہائی سکول، جونیئر پرائمری سکول، مسجد اور منی مارکیٹ تعمیر کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ لیبر کمپلیکس ٹیکسلا میں پہلے ہی 504 فلیٹس تعمیر کیے جا چکے ہیں، جن پر 131 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ ان میں سے 70 فلیٹس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کینٹ کے شہداء کیلئے مختص کیے گئے تھے ۔چودھری سالک حسین نے کہا کہ ان فلیٹس کو جلد محنت کش خاندانوں کے حوالے کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں اور حکام کے ساتھ رابطہ جاری ہے ، تاکہ ضروری کارروائی مکمل کرکے فلیٹس کی چابیاں مستحق خاندانوں کے حوالے کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments