مسئلہ کشمیر کاحل علاقائی امن کیلئے ناگزیر :وزیراعظم آزادکشمیر
بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بہیمانہ مظالم کی انتہا کر دی
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے وفد کی وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ خصوصی نشست وزیراعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد میں منعقدہ نشست میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور دونوں کے مابین اٹوٹ رشتے پر زور دیا،اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے ، جس کا حل علاقائی اور عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے ، بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) کے نہتے عوام پر ناقابلِ بیان اور بہیمانہ مظالم کی انتہا کر دی ہے ، انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہی ممکن ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد جموں و کشمیر میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنے کے لیے مسلسل پرتشدد اور شرپسند گروہوں کی حمایت اور پشت پناہی کر رہا ہے ، کشمیری عوام ایسے پرتشدد عناصر کو یکسر مسترد کرتے ہیں ۔اور اپنے مسائل کے حل کے لیے جمہوری و انتخابی عمل اور اپنے منتخب نمائندوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ اسلامی، نظریاتی اور روحانی ہے ، ہم یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments