پاک چین سائنسی تعاون کے فروغ کیلئے نسٹ میں دو روزہ سمپوزیم کا آغاز
بایومیڈیکل ٹیکنالوجیز اور متعلقہ شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینا ہے
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں پاک چین سائنسی تعاون اور مشترکہ تحقیق کے فروغ کے لیے دو روزہ سمپوزیم SinoPak BioConnect 2026 کا انعقاد ہو رہا ہے ۔ سمپوزیم کا مقصد بائیومیٹیریلز، بایومیڈیکل ٹیکنالوجیز اور متعلقہ شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا ہے ۔نسٹ کے سکول آف کیمیکل اینڈ میٹریلز انجینئرنگ کے مرکز برائے تحقیق برائے سرفیس انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس سمپوزیم میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز بھی شریکِ تعاون ہیں۔ اس میں سائنس دان، ماہرینِ تعلیم، محققین اور طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔
سمپوزیم کے ذریعے مشترکہ تحقیقی تجاویز اور فنڈنگ کے حصول، علمی اشاعتوں، اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں مشترکہ تربیت اور پاکستانی و چینی محققین کے تبادلے کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ایڈیشنل سیکرٹری علی بہادر قاضی نے موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے ، انجینئرنگ اور بحری علوم کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے جاری مشترکہ تحقیقی کام کو اجاگر کیا۔ چینی وفد کے سربراہ پروفیسر ڈونگ چیو نے کہا کہ دیرپا سائنسی شراکت داریوں کے لیے دونوں ممالک کے عوام اور محققین کے درمیان براہِ راست روابط اہم ہیں۔ انہوں نے سمپوزیم کو باہمی تبادلے اور مستقبل میں مشترکہ تحقیق کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments