اسلام آباد پولیس، گزشتہ ہفتے 175جرائم پیشہ افراد گرفتار
42منشیات فروش، 90اشتہاری بھی پکڑے گئے، آئس، شراب، اسلحہ برآمد
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے گزشتہ ہفتے کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے، منشیات فروشوں اور اشتہاری و عدالتی مفروران کے خلاف کارروائیوں میں 175ملزمان گرفتار کئے گئے، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 42ملزمان گرفتار کئے گئے۔ گرفتار منشیات فروشوں کے قبضہ 8ہزار 566گرام سے زائد آئس، 5ہزار 698گرام چرس، 4ہزار 812گرام ہیروئن اور 1387 بوتلیں شراب برآمد، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش میں ملوث، 43ملزمان گرفتار کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف بور کے 37پستول، 6خنجر اور بھاری تعداد میں ایمونیشن برآمد کئے گئے۔ اشتہاری، عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف موثر کارروائیوں کے دوران گزشتہ ہفتے کے میں 90اشتہاری مجرمان گرفتار کئے گئے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 48گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران 2257افراد اور 987گھرانوں کو چیک کیا گیا، 92ہوٹلز، 281دکانیں، 1352موٹرسائیکل اور 490 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کے مطابق اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments