پاکستان اور سعودیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان اور سعودیہ کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

خالد مقبول صدیقی سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان میں مملکتِ سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کی۔ اس دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعمیری تبادل خیال کیا گیا اور پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، بالخصوص تعلیم، اعلی تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔گفتگو میں تعلیمی تبادلوں کے پروگراموں، ادارہ جاتی شراکت داری، استعداد کار میں اضافے کے اقدامات اور دونوں ممالک کی جامعات اور اعلی تعلیمی اداروں کے درمیان مشترکہ تعاون کے مواقع کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔ اس ضمن میں اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے ، طلبہ و اساتذہ کی علمی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور طلبہ، محققین، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے لیے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے استفادے کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا گیا۔

 

 فریقین نے وظائف کے مواقع میں اضافے ، طلبہ کے تبادلہ پروگراموں، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادل خیال کیا۔ اس بات پر بھی اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کی جامعات اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، تاکہ جدت، تحقیقی معیار اور بین الاقوامی علمی تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے ۔ملاقات میں ثقافتی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے ، بالخصوص عربی زبان کی تعلیم، عربی ادب کے فروغ اور ثقافتی تبادلوں کے مشترکہ اقدامات پر توجہ دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...