مختلف شہروں میں گٹکے , مین پوری اور دیگر منشیات کا کاروبار جاری

مختلف شہروں میں گٹکے , مین پوری اور دیگر منشیات کا کاروبار جاری

میرپور خاص میں مین پوری اور گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے پراعلیٰ افسران پولیس اہلکاروں سے سخت ناراض تلہار اور جھڈو میں دیسی شراب اور چرس کا کاروبار جاری ، جام نواز علی پولیس نے 15ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلیں

میرپورخاص، اندرون سندھ(بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں گٹکے ، مین پوری اور دیگر منشیات کی کھلے عام خرید وفروخت کا سلسلہ جاری ہے ، جام نواز علی میں پولیس نے 15ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص پولیس کی جانب سے شہر میں گٹکا اور مین پوری کی فروخت کے خلاف کا رروائیاں کی جا رہی ہیں تاہم ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے شہر کے با اثر اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف مین پوری اور گٹکا فروخت کرنے کے الزام میں کارروائی کرنے پراعلیٰ پولیس افسران مبینہ طور پر سخت ناراض ہیں ، گزشتہ دنوں 15 مددگار پولیس نے غریب آباد تھانے کی حد ود میں اشرف سولنگی کو پکڑا تھا جس کے قبضے سے ایک ہزار گٹکے کی پڑیاں برآمد ہوئی تھیں جس کی ایف آئی آر غریب آباد تھانے میں درج کی گئی تھی، تاہم 15 مددگار انچارج رجب کلہوڑو اور ہیڈ محرر سلیم قائم خانی کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، عوامی حلقوں نے اس امر پر تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے گٹکا اور مین پوری فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تلہار سے نمائندے کے مطابق شہرمیں 6سے زائد گٹکے کی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں سے گٹکا مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا ہے ، بڑی تعداد میں نوجوان گٹکا کھانے سے بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں جھڈو میں بھی دیسی شراب ، چرس ، گٹکے اور مین پوری کا کاروبار جاری ہے ، جھڈو کے اطراف میں دیسی شراب بنانے کی 400 سے زائد بھٹیاں قائم ہیں جبکہ مین اسٹیشن روڈ پر قائم متعدد ہوٹلیں چرس کا کاروبار کرنے والوں کی آماجگاہ بنی ہوئی ہیں ، کنری اور کوٹ غلام محمد تھانوں کی حدود سے بھی جھڈو میں گٹکا سپلائی کیا جا رہا ہے ، مذکورہ صورتحال پر جھڈو کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی میرپورخاص کے جنرل سیکریٹری عاصم شیخ نے شہر بھر میں شراب خانوں سے کھلے عام مسلم نوجوانوں کو شراب کی سپلائی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں کو شراب کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔دوسری جانب جام نواز علی میں ایس ایس پی سانگھڑ محمد عارف اسلم راؤ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری ہے ، پولیس نے 15ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی ہیں، پولیس کے مطابق شہداد پور، کھپرو، سانگھڑ، بیرانی اور سنجھورو پولیس نے مختلف دکانوں پر چھاپے مارکر 9 ہزار گٹکے کی پڑیاں برآمد کرکے وسیم لغاری، بھگوان بھیل، عزیز احمد پٹھان و دیگر کو گرفتار کرلیا ہے ۔شاہ پور چاکر، جھول، کھاہی اور سانگھڑ پولیس نے دیسی شراب بنانے والی بھٹیوں پر چھاپے مارکر سیکڑوں لٹر شراب تلف کردی اور بھٹیوں کو مسمار کرکے ملزمان ایاز سولنگی، شوکت علی مری، پریم چند کولہی، سعید الرحمن میمن و دیگر کو گرفتار کرلیا ہے ، اس کے علاوہ جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارکرراجا آفتاب ڈاہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں