عمرکوٹ،2منشیات فروشوں کا14روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
عبدالرحیم بروہی اورفاروق بروہی نواب شاہ سے عمرکوٹ افیون اسمگل کرتے تھےجھڈو میں پولیس سرپرستی میں انڈین گٹکے کی فروخت ،شہریوں میں تشویش کی لہر
عمرکوٹ،جھڈو (نمائندگان دنیا ) ڈی آئی او ایکسائز پولیس میرپورخاص نے خفیہ اطلاع پر عمرکوٹ کے شہر بچابند کے مقام پر کار کی تلاشی کے دوران 10 کلو افیون برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتارکر لیا،پولیس نے گرفتار ملزمان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا، عدالت نے دونوں ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔منشیات فروشوں عبدالرحیم بروہی اور محمد فاروق بروہی نے انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ وہ نوابشاہ سے عمرکوٹ افیون اسمگلنگ کرتے ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اس سے پہلے بھی افیون اسمگلنگ کرچکے ہیں لیکن اس بار پکڑ میں آ گئے ۔جھڈو سے نمائندے کے مطابق با خبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جھڈو پولیس کی سرپرستی میں بھارت سے اسمگل شدہ گٹکاکھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔جھڈو اور گردونواح میں ہزاروں نوجوان، بچے اور خواتین کو بھی گٹکا کھانے کی لت لگی ہوئی ہے ، نوجوان نسل ہر وقت گٹکے کے نشے میں ڈوبی رہتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جھڈو پولیس نے گٹکا سپلائرز سے ہفتہ فکس کر رکھا ہے اور لاکھوں روپے بھتہ وصول کر کے اپنے ہونٹ سی رکھے ہیں ۔ جھڈو میں منشیات کے دھندوں اور بھارتی مضر صحت مصنوعات کی وجہ سے نوجوان نسل کی تباہی پرشہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔