سندھ کے اصل وارث آرائیں ہیں ،چوہدری عبدالمجید
ملک بھر میں 8کروڑآرائیں آبادہیں ،ہمیں ایک دوسرے کا دردبانٹنا چاہیے ،خطاب میرپورخاص میں انجمن آرائیاں پاکستان کاڈویژنل کنونشن ،برادری کی بھرپورشرکت
میرپورخاص (بیورورپورٹ) میرپورخاص میں انجمن آرائیاں پاکستان کے ڈویژنل کنونشن کا انعقاد کیاگیا جس میں پنجاب،بلوچستان اورسندھ کے مختلف شہروں سے آرائیں برادری کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ہال میں منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجمن آرائیاں پاکستان کے سرپرست اعلیٰ چوہدری عبد المجید آرائیں،صدر جنرل(ر) غلام مصطفی آرائیں،میاں محمد سعید ڈیرے والے ،منظور حمید ایڈووکیٹ ،قمر الزماں گھرکی اور چیف آرگنائزر طارق عزیز آرائیں نے کہا ہے کہ آرائیں قوم کی تاریخ بہت قدیم ہے ،محمد بن قاسم نے جب سندھ میں قدم رکھا تو آرائیں قوم نے ان کا ساتھ دیا اس لئے آرائیں قوم اصل میں سندھ کی وارث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آرائیں برادری کے ضرورت مند افراد دیگر دروازوں کو نہ کھٹکھٹائیں بلکہ اپنی برادری کے مخیر حضرات سے رابطہ کریں،ہمیں فخر ہے کہ ہم آرائیں ہیں اور پاکستان میں آرائیوں کی آبادی 8کروڑ سے زائد ہے ، اسلئے ہمیں ایک چھتری کے نیچے رہ کر کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب برادری کے لوگوں کے ساتھ ملکر اپنی برادری کی خدمت کرنا عبادت ہے ،ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں ضرور شامل ہونا چاہیے اگر برادری کا فرد غلط راستے پر ہے تو اس کی اصلاح کریں کیونکہ ایک غلط فرد کی وجہ سے تمام برادری کے لوگ بدنام ہوتے ہیں ،ہم آرائیں کمزور نہیں شریف ضرور ہیں ۔ کنونشن میں آنے والے تمام مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی گئی ، اختتام پر پر تکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔