گٹکے کے استعمال سے کوٹ غلام محمد کا ایک اور شہری انتقال کرگیا
سامارو اور کوٹ غلام محمد میں منشیات کے استعمال سے اب تک درجنوں افراد چل بسےمیرپورخاص ڈویژن کے شہروں میں منشیات کا کاروبار بند کرایا جائے ، شہریوں کا مطالبہ
کوٹ غلام محمد، سامارو (نمائندگان دنیا) گٹکے نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، کوٹ غلام محمد کے قائم خانی محلے کا رہائشی محمد رضا قائم خانی کینسر کی وجہ سے انتقال کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق قائم خانی محلے کا رہائشی محمد رضا قائم خانی جو گٹکے کے استعمال سے منہ کے کینسر میں مبتلا ہوگیا تھاگزشتہ روز چل بسا، سامارو اور کوٹ غلام محمد میں منشیات کے استعمال سے اب تک درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، میرپورخاص ڈویژن کے شہروں سامارو، کنری، عمرکوٹ،ڈگری اور کوٹ غلام محمد میں گٹکا تیار کرنے والی فیکٹریاں اور منشیات کے اڈے قائم ہیں، متعلقہ ادارے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی ماہانہ وصولی کے عوض موت کے سوداگروں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے ، میرپورخاص ڈویژن میں ماہانہ کروڑوں روپے کا گٹکا، نسوار، انڈین گٹکا اور دیسی شراب فروخت کی جاتی ہے ۔ سرفراز بھائی جی،راجہ کے کے ،ذیشان عابد،افتخارماہی خان،روشن بہرانی،دامرومل، نوید اللہ دین، مناف حسن، عابد جٹ، اعجاز اسلم قائم خانی اور دیگر شہریوں نے اعلٰی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص ڈویژن کے شہروں میں منشیات کے کاروبار کو فوری طور پر بند کرایا جائے ۔