کروڑوں کی بھارتی اشیا ضبط, جعلی کسٹم افسر پکڑا گیا

کروڑوں کی بھارتی اشیا ضبط, جعلی کسٹم افسر پکڑا گیا

اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کا لیاری میں چھاپہ ،بھارتی گٹکا ،کتھا اور دیگر اسمگل شدہ اشیاء برآمد،پاکستان کسٹمز کی جعلی نمبر پلیٹ والی نان کسٹم پیڈ گاڑی بھی قبضے میں لے لیجعلی نمبر والی گاڑی اسکواڈ کے لئے استعمال کی جاتی تھی ، ملزمان ناردرن بائی پاس اور سپرہائی وے پر پولیس اور دیگر کو اپنا تعارف کسٹم حکام کے حوالے سے کراتے رہے

کراچی(رپورٹ:نادر خان)ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پریوینٹو کے شعبے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او ) کا لیاری میں چھاپہ گودام سے کروڑوں روپے مالیت کا بھارتی گٹکا ،کتھا اور دیگر اسمگل شدہ اشیاضبط کرلی گئیں ،کارروائی میں پاکستان کسٹمز کی جعلی نمبر پلیٹ والی نان کسٹم پیڈ گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ،تین ملزمان گرفتار ،چھالیہ کی منتقلی کے دوران پاکستان کسٹمز کا جعلی کارڈ اور شناخت ظاہر کرتے تھے ۔تفصیلات کے مطابق ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پریوینٹو کے کلکٹر یٹ ثاقف سعید کی ہدایت پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے سپرنٹنڈنٹ افتخار حسن نے خفیہ اطلاع پر پیر کو لیاری کے علاقے میراں ناکہ میں ایک گودام پر چھاپہ مارا اور تین کنٹینر ضبط کر لئے ۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ تینوں کنٹینرزسے کروڑوں روپے مالیت کا بھارتی گٹکا ،کچ(کتھا) اور دیگر اسمگل شدہ اشیاء برآمد ہوئیں جب کہ اس کارروائی کے دوران کسٹم حکام نے گودام سے ایک ڈبل ڈور جیپ بھی قبضے میں لے لی جسے ملزمان اسمگل شدہ اشیاکی حب چوکی سے داخلے کے بعد اسکواڈ کے لئے استعمال کرتے تھے اور ناردرن بائی پاس اور سپرہائی وے پر پولیس اور دیگر اداروں کو اپنا تعارف کسٹم حکام کے حوالے سے کراتے رہے ہیں۔کسٹم حکام نے اس کارروائی میں تین ملزمان کو حراست میں لے کر کسٹم ہاؤس منتقل کیا ہے جب کہ مذکورہ گودام سے ضبط شدہ اسمگلنگ کے سامان کو کسٹم کے ویئر ہاؤس میں منتقل کردیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کسٹم کی متواتر کارروائیاں جاری ہیں تاہم اس کے باوجود مضر صحت چھالیہ ،اسمگل شدہ سگریٹس سمیت دیگر اشیاکی بازاروں میں کھلے عام فروخت میں کمی نہیں آرہی ہے جب کہ اسمگلنگ میں ملوث مافیا نے سابق کسٹم افسران و اہلکاروں کی ٹیمیں بھی بنا رکھی ہیں اسکے علاوہ جعل سازی سے تیار کئے گئے کسٹم کے کارڈ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دباؤ میں لے کر اسمگلنگ کی اشیا چھڑانے یا منتقلی بھی جاری ہے ۔کسٹم کے افسران کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت نے انہیں اسمگلنگ کی روک تھام میں فرنٹ لائن فورس کا درجہ دے رکھا ہے جب کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں سے کراچی میں اسمگلنگ کے سامان کی منتقلی کے کئی راستے ہیں ، روکنے کے لئے کسٹم کے پاس نفری ہے اور نہ ہی وسائل ہیں جس کے ذریعے اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں