پولیس مقابلے اور دیگر کارروائیوں میں 13ملزمان گرفتار
گھارو پولیس سے مقابلے میں گرفتار ملزمان نے 8لاکھ کی ڈکیتی کی تھی
گھارو ، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ پولیس مقابلے اور دیگر کارروائیوں میں 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ومنشیات برآمد کرلی گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گھارو پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکو ؤں رستم کاتیار اور گل حسن چانڈیو کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے ایک پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو ؤں نے چند روز قبل شمسی کمیونیکیشن میں 8 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی۔ حیدرآباد میں پھلیلی پولیس نے راحیل قریشی کو 500 مین پوری سمیت ، عبدالعزیز کو 150 گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا۔ حالی روڈ پولیس نے مکرانی پھاٹک کے قریب سے ڈاکو کامران عرف کامی ملاح کو پستول سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم نے 22اگست کو بسم اللہ سٹی میں واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اس کا اپنا ساتھی ہلاک ہوگیا تھا۔ بدھو تالپور سے نمائندے کے مطابق سی آئی اے پولیس نے چوھڑ جمالی میں گٹکے کے گودام پر کامیاب چھاپہ مار کر ڈیلر بابو سلیمان میمن کو گرفتار کرلیا ، کارروائی میں 1900کلو چورہ سپاری، 134پیکٹ انڈین سفینہ گٹکا، 592کلو گرام کھلی تمباکو ،64کلو گرام اسپیشل تمباکو اور 180کلو گرام کتھا برآمد کیا گیا۔ قمبر پولیس نے چھالیہ فروش ضیاء الرحمٰن بروہی کو ون ٹو ون، پان پراگ،سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔ میروخان اور شہدادکوٹ کی 15مددگار ٹیموں نے اشتہاری ملزم عبدالغفار کو گرفتار کیا ، ایک اور کارروائی میں روپوش ملزم ہدایت اللہ جونیجوکو گرفتار کرلیا ہے ۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق بدین پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیوں میں 10 کلو گرام سے زائد چرس ، 45 لٹرکچی شراب اور ایک کار برآمد کرکے 2 چرس ڈیلرز سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں عرفان علی عمرانی ، شاکر علی ڈاھری،جاوید گھرانو اور مرزا خان شامل ہیں۔