ضلع وسطی میں گجرنالہ پر قائم تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز

ضلع وسطی میں گجرنالہ پر قائم تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز

آپریشن کے مقامات شفیق موڑ سے لنڈی کوتل چورنگی، لیاقت آباد برج نزد ڈی ایم سی آفس اور وہاں سے لیاری ندی تک ہوں گے، نالوں کے اردگرد آنے والے مکانات کی لیز پہلے ہی منسوخ کی جا چکی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع وسطی سے گزرنے والے گجر نالہ پر قائم تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے نالوں کے اردگرد آنے والے مکانات کی لیز پہلے ہی منسوخ کی جاچکی ہے ،آپریشن کا آغاز آج صبح 7 بجے ہوگا۔ آپریشن کے مقامات شفیق موڑ سے لنڈی کوتل چورنگی، لیاقت آباد برج نزد ڈی ایم سی آفس اور وہاں سے لیاری ندی تک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس، اینٹی انکروچمنٹ پولیس، رینجرز، سٹی وارڈن، کے الیکٹرک ،سوئی گیس اور دیگر اداروں کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے خط لکھ دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گجر نالہ اور اردگرد قائم تجاوزات سمیت لیز مکانات کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ آپریشن کی سربراہی سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات سیل کراچی بشیر صدیقی کریں گے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل سندھ کچی آبادی اتھارٹی، ڈی جی کے ڈی اے، ایم ڈی سائٹ، ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن اور ڈائریکٹر ریونیو کے نام لکھے گئے ایک دوسرے خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات اور این ڈی ایم اے کی ہدایت پر گجر نالہ، اورنگی نالہ و دیگر برساتی نالوں کے راستوں (الائنمنٹ) میں آنے والی تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جارہا ہے اور اس آپریشن کے درمیان رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور لیز مکانات بھی منہدم کردیے جائیں گے۔ ماضی میں اگر کسی شہری نے لیز حاصل کی تھی تو اسے منسوخ کردیا گیا ہے۔ خط کے مطابق شہر کے وسیع تر مفاد میں لیز منسوخ کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں