تعلیمی اداروں کے اطراف پان کے کیبن پرپابندی کی تجویز

تعلیمی اداروں کے اطراف پان کے کیبن پرپابندی کی تجویز

محمدعلی جناح یونیورسٹی کی حدود میں کیمروں سے طلبا کی سخت مانیٹرنگ ہوتی ہے ،ڈاکٹرزبیر،طلبا کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت جاری کی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے تجویز پیش کی ہے کہ متعلقہ فورم پر قانون سازی کرکے یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اردگرد پانچ سو میٹر کی حدود میں پان اور سگریٹ فروخت کرنے والے کیبن لگانے پر پابندی لگائی جائے جو بعد ازاں طلبا کو منشیات فروشی کے مرکز میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے ملک کی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ ہونے والی آن لائن میٹنگ کے موقع پر کہی، جس میں میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پریونیورسٹی میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس جس میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اکیڈمکس، ڈائریکٹر کیو ای سی، ڈین اور شعبہ جاتی سر براہان شریک تھے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ یونیورسٹی کی حدود میں کسی بھی فرد کو تمباکو نوشی کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی کوئی فرد منشیات کا استعمال کر سکتا ہے، اس سلسلے میں یونیورسٹی کی حدود میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت جاری کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں