سکھرمیں چھاپہ، دو کروڑ کی اسمگل شدہ چھالیہ برآمد
لاڑکانہ،حیدرآباد،پنگریو،ٹنڈومحمدخان،محراب پورسے26ملزم گرفتار
سکھر،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورورپورٹ) اسپیشل برانچ پولیس کی بھاری نفری نے تھانہ اے سیکشن کی حدود ٹانگہ اسٹینڈ، چوڑکی گلی میں کارروائی کرتے ہوئے تین گوداموں پر چھاپہ مارا اور دو کروڑ روپے کی اسمگل شدہ چھالیہ، گٹکا و دیگر مضر صحت اشیا برآمد کرکے منشیات کے بین الصوبائی ڈیلروزیر پٹھان کے بھائی علی احمد اور ملازم بشیر احمد کو گرفتار کر لیا جبکہ وزیر پٹھان فرار ہوگیا ۔تھانہ اے سیکشن میں سرکاری مدعیت میں چار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔دریں اثنا سکھر پولیس نے گزشتہ روز تھانہ بی سیکشن کی حدود یوٹیلیٹی اسٹور سے چرائی گئی خاور شیخ کی کاربرآمد کرکے مالک کے حوالے کردی۔ لاڑکانہ پولیس نے رتوڈیرو اور لاشاری کی حدود گائوں بگو جتوئی میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو عبداللہ جتوئی کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے ۔دریں اثنا لاڑکانہ شہر کی بھینس کالونی کے رہائشی سماجی رہنما ذوالفقار علی مگسی کی سیشن کورٹ میں درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ رحمت پور پر چھاپہ مارکر نوجوان طالبعلم اظہار مہدی کو بازیاب کراکر ایس ایچ او رحمت پور کو عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیے۔کشمور سے نمائندے کے مطابق کشمور اور گڈو تھانوں کی پولیس نے رونتی کے کچے کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گڈو تھانے کی حدود 17 آرڈی سے 4روز قبل اغوا کیے گئے دودھ فروش عبدالحمید کو بازیاب کرالیا، اے ایس پی کشمور بلال حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکو مغوی کو دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے اور پولیس مقابلے کے بعد مغوی عبدالحمید کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ حیدرآباد میں حالی روڈ پولیس نے کار سوار دو ملزمان راشد علی خان اور امتیاز علی میمن کو 7کٹے چھالیہ کے چورے ، تین سو پیکٹ انڈین گٹکے اور دیگر اشیاسمیت اور مکرانی پاڑے ریلوے کالونی کے قریب سے فدا حسین کو 2کلو سو گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق سی آئی اے پولیس بدین نے روپوش ملزم اصغر ملاح کوریوالور اور 4 عدد رائونڈزسمیت، تھانہ ٹنڈو غلام علی پولیس نے کار سوار 2 ملزمان شہزاد نظامانی اور شکیل خاصخیلی کو منشیات سمیت،تھانہ تلہار پولیس نے ذوالفقار چانڈیو، راشد عمرانی اور قربان عمرانی کو 50 لٹر دیسی شراب اور متعدد گٹکوں سمیت، تھانہ کھوسکی پولیس نے محمد عمر بھوت اور عبدالغفور بھوت کو 3080 گٹکوں سمیت، تھانہ پنگریو پولیس نے جعفر آرائیں کو 1050 گٹکوں سمیت، تھانہ ڈیئی پولیس نے غلام مصطفیٰ کھوسو اور اعجاز کھوسو کو 1000 گٹکوں سمیت ، تھانہ شہید فاضل راہو پولیس نے بابو عرف باگو بھیل کو ریوالور اور 2 عدد رائونڈز سمیت گرفتارکرلیا۔ٹنڈو محمد خان پولیس نے مہیری لنک روڈ کے گاؤں مبارک رند سے ایک ملزم کو 20لٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا۔محراب پورپولیس نے مطلوب ملزمان ظہیر احمد اور نسیم کھوکھر کو ،مٹھیانی پولیس نے عبدالستار ڈونگاہ اور غلام سرور اجن کو پانچ، پانچ لٹر شراب سمیت ،خالد ڈونگاہ کو بغیر لائسنس پستول،2گولیوں سمیت ،سی آئی اے پولیس نوشہروفیروز نے روپوش ملزم علی شیر ڈیپر کو ،محبت ڈیرو جتوئی پولیس نے مطلوب ملزمان غلام عباس بھگت، اختیار جتوئی اور ضمیر شاہ کو غیرقانونی اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔