صنعتی زون نکاٹی ٹو کے قیام کی تجویز پرکام تیز

صنعتی زون نکاٹی ٹو کے قیام کی تجویز پرکام تیز

جگہ کی تلاش جاری، نکاٹی سے باہمی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی،صنعتوں کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ناصرحسین

کراچی (بزنس رپورٹر) سندھ حکومت نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی طرز پر ایک نئے صنعتی زون’’نکاٹی ٹو‘‘ کے قیام کی تجویز پرکام تیز کردیا ہے، جس کے لیے جگہ کی تلاش جاری ہے اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) سے باہمی مشاورت کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ بات وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی سربراہی میں سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل اور چیئرمین سب کمیٹی لوکل باڈیز سید یاسر حسین پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ تجارت وصنعت کا فروغ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا بھی یہی وژن ہے، لہٰذا روزگار کے وسیع مواقع پیداکرنے اور صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے۔ انہوں نے نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی نشاندہی پرصنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی عدم فراہمی پر ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ صنعتوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سے متعلق مسائل اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں واقع فیکٹریوں کو ریگولرائزڈ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ کیپٹن معیز خان روڈ کا بھی افتتاح کیا جائے گا جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں