پرانا منصوبہ نیا ظاہرکرکے سنگ بنیاد رکھنامذاق،حافظ نعیم

پرانا منصوبہ نیا ظاہرکرکے سنگ بنیاد رکھنامذاق،حافظ نعیم

وزیر اعظم جواب دیں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے کتنے منصوبوں پر کام شروع ہوا،کے فورمنصوبہ کی تکمیل کیلئے کچھ نہیں کیاگیا،نیو سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے پر ردعمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی نیو سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے اور اس موقع پر ان کے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ایک بار پھر سرکلر ریلوے کے پرانے منصوبے کو نیا ظاہر کر کے سنگ بنیاد رکھ کر کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے، نیو سرکلر ریلوے کے نام پر اہل کراچی سے مذاق بند کیا جائے ، وزیر اعظم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے 11 سو ارب روپے کے پیکیج کا حساب دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جواب دیں ایک سال قبل کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں جن منصوبوں اور پروجیکٹس کا اعلان کیا گیا تھا ان میں سے کتنے منصوبوں پر کام شروع ہوا؟، چند نالوں کی صفائی کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی کامیابی اور اس پلان کو مکمل قرار دینا کراچی کے گمبھیر مسائل سے لاتعلقی اور لاعلمی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کا کراچی میں پانی کے حوالے سے یہ کہنا کہ K-4 سے دو سال میں پانی ملنا شروع ہو جائے گا، اس بات پر اہل کراچی کس طرح یقین کریں کہ جب وفاقی حکومت نے تین سال گزرنے کے باوجود منصوبے کی تکمیل کیلئے عملاً کچھ نہیں کیا، جب اس منصوبے کیلئے بجٹ میں سے کوئی رقم ہی نہیں رکھی گئی تو دو سال میں کراچی والوں کو کے فور سے پانی کہاں سے ملے گا؟۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں