ایکسپورٹ پروسیسنگ زون: کروڑوں کے سگریٹ پیپر چوری، مقدمہ درج

ایکسپورٹ پروسیسنگ زون: کروڑوں کے سگریٹ پیپر چوری، مقدمہ درج

سگریٹس کی تیاری میں استعمال ہونے والے پیپرز کے چوری شدہ ڈبوں کی تعداد 5435 ہے، 2997 ضبط کرلئے گئے، مالیت ڈھائی کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے،ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری بھی کی گئی، دو یونٹس، کلیئرنگ ایجنٹ اور ٹھیکیداروں کیخلاف مقدمہ، ای پی زیڈ کے افسران کے خلاف بھی تحقیقات

کراچی (رپورٹ: نادر خان) کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں کروڑوں روپے مالیت کے سگریٹ پیپر کی چوری کا انکشاف ہوا ہے، کلکٹریٹ آف کسٹم ایکسپورٹ پورٹ قاسم نے چوری میں ملوث ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے دو یونٹس، کلیئرنگ ایجنٹ اور ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سگریٹ پیپرز کو ری ایکسپورٹ کے لئے زون امپورٹ کیا گیا تھا، کنسائنمنٹ زون میں منتقلی کے بعد دوسرے یونٹس میں منتقل کر کے چوری کی جارہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹم ایکسپورٹ پورٹ قاسم حکام کو خفیہ اطلاع ملی کہ پورٹ قاسم کلکٹریٹ سے سگریٹ کی تیار ی میں استعمال ہونے والے پیپر کی کلیئر ہونے والی کنسائنمنٹ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی سے چوری کی جارہی ہے۔ جس پر ٹیم نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں میسرز جنرل ٹریڈنگ کمپنی کے یونٹ کا معائنہ کیا، تاہم کسٹم حکام کو انکشاف ہوا کہ مذکورہ کنسائنمنٹ کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں خلاف ضابطہ بغیر ٹیکس ڈیوٹی کے منتقل کرنے کی کلیئرنس دی گئی ہے، جس پر یونٹ میں جا کر معائنہ کیا گیا تو سگریٹ پیپر کی کنسائنمنٹ موجود ہی نہیں تھی۔ اس حوالے سے جب یونٹ میں موجود منیجر سے کنسائنمنٹ سے متعلق معلومات لی گئیں تو منیجر نے کمپنی کی آئی ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے کسٹم حکام کو آگاہ کیا کہ کوئی کنسائنمنٹ آئی ہی نہیں، تاہم کسٹم حکام نے سگریٹ پیپر کی تلاش شروع کی تو انہیں اطلاع ملی کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں ہی ایک اور یونٹ میسرز ستارہ ٹریڈنگ میں یہ کنسائنمنٹ منتقل کی گئی ہے۔ جس پر کسٹم حکام نے مذکورہ یونٹ میں چھاپہ مارا جہاں سے 8432ڈبوں میں سے 2997 ڈبے سگریٹس کی تیاری میں استعمال ہونے والے پیپرز کے ضبط کئے گئے، تاہم 5435 ڈبے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی سے چوری کرلئے گئے ہیں۔کسٹم ایکسپورٹ کلکٹریٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کنسائنمنٹ کی مجموعی مالیت دو کروڑ 60 لاکھ 78 ہزار 297 روپے بنتی ہے جبکہ اس کنسائنمنٹ پر دو کروڑ 57 لاکھ سے زائد کی ٹیکس ڈیوٹی چوری کی گئی ہے۔ کسٹم ایکسپورٹ کلکٹریٹ نے مذکورہ کنسائنمنٹ کو سیز کرتے ہوئے میسرز جنرل ٹریڈنگ کمپنی، میسرز ستارہ ٹریڈنگ، کلیئرنگ ایجنٹ میسرز راہبر ایجنسی، چوری میں سہولت کاری فراہم کرنے والے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے ٹھیکیدار ابرار پٹیل، آغا باقر علی، یعقوب اور رحمان سمیت دیگر کو نامزد کر کے مقدمہ درج کرلیا اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی میں افسران کے کردار کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں