گلشن حدید ودیگر سے کچرا اٹھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

گلشن حدید ودیگر سے کچرا اٹھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیراحمد چنہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہینگزو کمپنی کو ضلع کونسل کے علاقوں گلشن حدید، میمن گوٹھ، اسٹیل ٹاؤن میں فروری سے کچرا اٹھانے کے کا م کا آغاز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اپنے تمام ذرائع، مشینری، گاڑیاں اور عملہ مکمل کرے اور جلد از جلد کام شروع کرے تاکہ ضلع کونسل کے مکینوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 دریں اثنا اجلاس میں ضلع ملیر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ این جی او ٹیئرفنڈ کے ساتھ کوآرڈی نیشن تیز کریں، اسی مہینے این جی او کی کوآرڈی نیشن سے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت کچرے کو کمپوز کرکے کھاد بنانے کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔ چائنیز کمپنی معاہدے کے مطابق گھروں سے کچرا اٹھائے اور کچرا کنڈیوں کا خاتمہ یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے۔

زبیر چنہ نے مزید نے کہا کہ جلد از جلد شہر کو کچرے سے پاک کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔ اجلاس میں نجی کمپنی کے سی ای او، منیجرز، ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر نجی کمپنی کے سی ای او مسٹر پینگ نے بتایا کہ مزید منی ٹیپرز کی خریداری کے لئے آرڈر دے دیا ہے ، جلد ہی گاڑیوں اور مزید عملے کا انتظام یقینی بنایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں