حیدرآباد میں کروڑوں کی غیرقانونی سگریٹ نذرآتش
حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دُنیا، بیورو رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (آئی آر)نے حیدرآباد میں غیر قانونی ملکی و غیر ملکی سگریٹ کے 2ہزار ایک سو کارٹن نذرآتش کردیے جن کی مجموعی مالیت 6 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔
اس سلسلے میں ایک تقریب گنجو ٹکر پہاڑی پر منعقد ہو ئی ،اس موقع پر ڈائریکٹر آ ئی آر عبدالرحیم رند نے بتایا کہ جلائی گئی سگریٹ تین سال کے عرصے میں حیدرآباد اور میر پور خاص کے علاقوں سے پکڑی گئی ہے ۔
دریں اثنا بھٹائی نگر پولیس نے مصطفی کیریو، جاوید علی راجپر، عنایت اللہ راجپر اور مقبول مشوری کو مسروقہ گاڑیوں سمیت ،حالی روڈ پولیس نے افضال قریشی کو ڈھائی کلو چرس سمیت ،چیک پوسٹ پبن پولیس نے سہیل خان جکھرو کو مین پوری کی 200 پڑیوں سمیت ،تھانہ سٹی پولیس نے قاسم علی جتوئی کو 150گرام چرس سمیت گرفتار کر لیا۔
ٹنڈوآدم سے نمائندے کے مطابق ڈسٹرکٹ سی آئی اے انچارج طفیل احمد بھٹو نے خدابخش کالونی کے ایک گودام پر چھاپہ مار کرشہزا د، گودام مالک ملک جاوید اور غلام قادر خاصخیلی کو گرفتار کر کے جعلی سگریٹ کے درجنوں کارٹن ، لکڑی کے برادے کے کٹے ، کیمیکل ،تمباکو،سگریٹ کے ہزاروں ریپر برآمد کرلئے ۔
ڈسٹرکٹ سی آئی اے انچارج طفیل احمد بھٹو کے مطابق ملزمان سگریٹ میں تمباکوکی جگہ لکڑی کا برادہ ملا کر جعلی سگریٹ مختلف برانڈز کے نام سے فروخت کرتے تھے ، گودام جاوید ملک نے مردان کے رہائشی بابر نسیم پٹھان کو کرائے پر دیا تھا جو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
لاڑکانہ پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 12 ملزمان کو منشیات، مسروقہ موبائل فونز اور کار برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔
پنگریو سے نمائندے کے مطابق ضلع بدین میں پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے 2 مسروقہ بکریاں ، غیر قانونی اسلحہ ،495 گرام چرس ،125 لٹر دیسی شراب اور 3345 گٹکے برآمد کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
محراب پورسے نمائندے کے مطابق درس پولیس نے وزیر علی بھٹو کو 20 لٹر کچی شراب سمیت ،مورو پولیس نے نثار زرداری کو 5 کلو چرس سمیت جبکہ ابڑاں، سدھوجا، کورائی اور پپری پولیس نے مختار سولنگی کو 150 ، ظاہر چانڈیو کو 110 ، محمد حنیف کو 111 ، مختار کلہوڑو کو118 گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا۔