گٹکا،مین پوری، نسوار منہ کے کینسر کی بنیادی وجہ ، ڈاکٹر رزاق
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی کے شعبہ امراض ناک، کان وگلا کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد رزاق ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک میں منہ کے کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ چھالیہ، گٹکا، مین پوری، نسوار اور تمباکو نوشی ہے۔
رمضان المبارک کی برکت سے روزے دار ان اشیا سے اجتناب کرتے ہیں، اگر وہ روزے کے بعد بھی ہمت کریں تو ان اشیا سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں، جس سے ملک میں منہ کے کینسر کے کیسز میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھالیہ ایک زہر ہے، جسے ہم خود درآمد کررہے ہیں، شہرمیں درجنوں برانڈ کی چھالیہ موجود ہے، جو نوجوانوں کو منہ کے کینسر میں مبتلا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 70 سے 75 فیصد منہ کا کینسر چھالیہ ، گٹکا اور مین پوری سے ہوتا ہے، جبکہ تمباکو، شیشہ، نسوار اور شراب سے بھی منہ کا کینسر ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں قوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف حکومت کی ذمہ داری ہے کہ چھالیہ کی درآمد پر پابندی لگائے وہیں شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان اشیا سے اجتناب برتیں، رمضان المبارک ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ان موذی اشیا کے استعمال کو مکمل طور پر بند کرکے کینسر جیسے مرض سے نجات حاصل کریں۔